کوالا لمپور 19 مئی ( سیاست ڈا کام ) اسکینڈل کے الزامات کا سامنا کرنے والے ملیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کو ملک کے انسداد رشوت ستانی حکام نے آئندہ ہفتے اپنے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ یہ پیشی ان کے خلاف جاری رشوت کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلہ میں ہونے والی ہے ۔ سرکاری ذرائع ابلاغ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ 64 سالہ نجیب رزاق کو 9 مئی کو ہوئے انتخابات میں غیر متوقع طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ ان کے خلاف ایک ایسے سیاسی اتحاد کو کامیابی ملی تھی جس نے ان الزامات پر توجہ مرکوز کی تھی کہ نجیب بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ اس اتحاد نے الزام عائد کیا تھا کہ نجیب کے دور حکومت میں کئی بلین ڈالرس لوٹ لئے گئے ہیں اور ایک بہت بڑا اسکام پیش آیا ہے ۔ نجیب کو پہلے ہی ملیشیا چھوڑنے سے روک دیا گیا ہے ۔ ان کے انتخابات میں ناکام ہوجانے کے بعد امیگریشن حکام نے ان کے ملک چھوڑنے پر امتناع عائد کردیا تھا ۔ سرکاری خبر رساں ادارے برناما نے کہا کہ نجیب کو حکم دیا گیا ہے کہ ملیشیا کے انسداد رشوت ستانی کمیشن میں آئندہ منگل کو حاضر ہوں۔