نجران۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے علاقوں نجران اور جیزان میں کی گئی شلباری میں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چہارشنبہ سے مسلسل سرحد پار سے حملے ہورہے ہیں۔ گزشتہ دو دن کے دوران کی گئی شلباری میں اموات کی تعداد زیادہ بتائی گئی ہے۔ ایک کار میں سوار 2 شہری اور راہرو ہلاک ہوئے ہیں۔ حوثی باغیوں کا ایک شیل گذرتی ہوئی کار سے ٹکرا گیا۔ سیول ڈیفنس کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ اس علاقہ میں واقع شاہ سلمان اسٹریٹ پر گشتی کے دوران ایک سکیورٹی آفیسر بھی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔ نجران اور جزان میں 3 اسکولی طالبات کے بشمول دیگر کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حوثی باغیوں نے منگل کو بھی یہاں میزائل داغے تھے۔ نجران میں حوثی باغیوں نے مکانات، اسکولوں اور سیول ہاسپٹل کو نشانہ بنایا۔ مہلوکین کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔ ایک یمنی اور ایک نامعلوم شخص بھی ہلاک ہوا ہے۔ جزان میں ایک سعودی شہری اور اس کی اہلیہ کے علاوہ دیگر تین اُس وقت زخمی ہوگئے جب ان کے گھر پر شیل آگرا ۔ یہ واقعہ صوبہ جیزان کے جنوبی حصہ میں القباء کے علاقہ الہیرات میں ال بتیت موضع میں پیش آیا۔ میجر یحییٰ ال خطانی ترجمان سیول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ جیزان خطہ نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کے کنٹرول روم کو یہ اطلاع ملی ہے کہ حوثی باغی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ نجران میں وزیر تعلیم اعظم ال دخیل نے محکمہ تعلیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام اسکولوں کو بند کردیں اور طلبہ کو اسکولوں سے دُور رکھیں۔ سیکنڈری اسکولس میں سالانہ امتحان آئندہ ہفتہ منعقد ہونے والے ہیں جنہیں ملتوی کردیا گیا ہے۔ ایک بیان میں محکمہ تعلیم کے ترجمان حامد السہاریہ نے کہا کہ طلبہ اور اسکول عملہ کی سلامتی کیلئے یہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ یہ شہری نے بتایا کہ ہم پر مسلسل شلباری کی جارہی ہے لیکن ہمیں اپنے مسلح افواج اور سپاہیوں ، سرحدی گارڈس پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ ہماری سلامتی کیلئے مورچہ بند ہوں گے۔