نئی دہلی ۔ یکم ؍ نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) بہار میں چوتھے مرحلے کی رائے دہی کے ساتھ ہی وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بہار میں تبدیلی کی فضاء پائی جاتی ہے ۔ لوگوں نے این ڈی اے حکومت سے کئی امیدیں وابستہ کرلی ہیں ۔ این ڈی اے میں عوام کو اپنے امیدوں کی کرن نظر آرہی ہے ۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ بہار کی فضاء بتار ہی ہے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں ۔ این ڈی اے میں امید کی کرن دکھائی دے رہی ہے ۔ انہوں نے مدہوبن ، مادھے پور اور کٹھیار میں انتخابی مہم چلائی ۔ وزیراعظم نہایت ہی طوفانی انتخابی مہم چلارہے ہیں ۔ یہاں چوتھے مرحلے کی رائے دہی جاری ہے اور 55 اسمبلی حلقوں کے لئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں ۔ 243 رکنی بہار اسمبلی کے انتخابات کا /12 اکٹوبر سے آغاز ہوا تھا ۔ آخری مرحلہ /5 نومبر کو پورا ہوگا ۔ اور /8 نومبر کو ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بہار میں ترقی لانا ان کا اولین مقصد ہے ۔ لالو پرساد یادو اور نتیش کمار پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دونوں مل کر بہار میں جنگل راج لائیں گے اور یہ دو بھائی جنتر منتر یعنی کالا جادو چلا کر بہار کو لوٹ لیں گے ۔ ریاست میں اپنے جنتر منتر سے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنائیں گے ۔ یہاں آخری مرحلے کی رائے دہی کے لئے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کا عہد کیا ہے اور ان کے اندر حوصلہ پیدا کرتے ہوئے امید کی کرن لائی ہے ۔ بہت جلد ان کے لئے ایک نیا بہار بنایا جائے گا ۔ نتیش کمار اور لالو پرساد یادو پر نکتہ چینی کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ چیف منسٹر بہار کو جمہوریت پر یقین نہیں ہے اس لئے وہ کالا جادو کا عمل کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ترقیاتی کاموں سے ہی بہار کی صورت گری کی جاسکتی ہے ۔
بہار برسوں سے جنگل راج کی آگ میں جل رہا ہے ۔ جنگل راج کے بعد اب دو جڑواں بھائی جنتر منتر بن گئے ہیں ۔ لہذا عوام ان دونوں ’’جنگل راج اور جنتر منتر ‘‘ کو اقتدار پر آنے نہ دیں ۔ ورنہ یہ اتحاد بہار کو تباہ کردے گا اور اس سے عوام زبردست متاثر ہوں گے ۔ انہوں نے رائے دہندوں کو خبردار کیا کہ وہ اس سیکولر اتحاد سے ہوشیار رہیں ورنہ یہ گروہ بہار کے لئے تباہی لائے گا اور بہار کے عوام کے لئے بھی تباہ کن ثابت ہوگا ۔ رائے دہندوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس ٹولے کو اقتدار سے دور رکھیں ۔ عوام کو ان کی آبائی زبان ’’میتھالی‘‘ میں مبارکباد دیتے ہوئے نریندر مودی نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کا نام لیا اور کہا کہ وہ اس میتھالی کی سرزمین سے بہت پیار کرتے ہیں ۔ بہار کی سرزمین دانشمند ، اختراعی ذہن اور سخت محنت کرنے والوں کی ہے ۔ یہاں کے لوگ نتیجہ خیز عمل کرنے اور موثر وسائل کے حامل ہیں ۔ ریاست کے نوجوان اب تبدیلی چاہتے ہیں ۔ انہوں نے نتیش کمار پر تنقید کی اور کہا کہ جو لوگ عوام کی تائید سے محروم ہوئے ہیں اب وہ کالا جادو جنتر منتر کرنے لگے ہیں ۔ نتیش کمار کو پتہ چل گیا ہے کہ وہ الیکشن ہارنے والے ہیں اس لئے وہ کالا جادو کا سہارا لے رہے ہیں ۔
اپنی بقا کے لئے وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں ۔ ان لوگوں نے جمہوریت کو مذاق بنادیا ہے جن کو جمہوریت پر بھروسہ نہیں ہے وہ جنتر منتر ( کالاجادو) کررہے ہیں جس کے ذریعہ آپ کو برقی ، پانی ، روزگار اور تعلیم دیں گے ۔ وزیراعظم نے نتیش کمار پر یہ تنقید اس لئے کی کیوں کہ نتیش کمار کی ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر پھیل گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ ایک تانترک سے مل رہ