چیف منسٹر بہار کا اقدام ریاستی عوام سے دغا بازی ۔ پارٹی جنرل سکریٹری ارون سریواستو کا بیان
حیدرآباد 29 اگست ( سیاست نیوز ) : نتیش کمار جنہوں نے چیف منسٹر کے باوقار عہدہ پر فائز تھے اور جنتا دل ( یو) کے لیڈر شرد یادو کے وفادار سمجھے جاتے تھے انہوں نے اچانک بی جے پی سے مفاہمت کرلی اور بہار میں بھونچال برپا کردیا ۔ ان کے اس اقدام سے جہاں پارٹی کاز کو نقصان پہنچا وہیں ملک کا نام دنیا بھر میں بدنام ہونے کا خدشہ ہے ۔ نتیش کمار کے اقدام کی بہار ہی نہیں ملک گیر سطح پر جہاں شاخیں قائم ہیں شرد یادو کی ہدایت میں کارکن اور ذمہ داران پہنچ کر رائے عامہ ہموار کرکے نتیش کمار کی شرارت سے واقف کروا رہے ہیں ۔ آج سینئیر قائد جنتادل اور آل انڈیا جنرل سکریٹری مسٹر ارون سریواستو نے میں اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے ایک بے بنیاد اور معمولی بہانے کو پیش کرکے سیاسی ہلچل پیدا کردی ۔ جس کی وجہ سے اس ملک کے سیاسی قائدین اور عوام نے اس واقعہ کی شدید مخالفت کی ۔ اب بھی اگر ملک اور بہار کے عوام میں شعور بیدار نہ ہو تو ایسے کئی نتیش کمار ملک بھر میں پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اس مسئلہ پر میٹنگ منعقد ہونے والی ہے جس میں مستقبل کا لائحہ عمل ترتیب دے کر دوسرے امور کے متعلق بحث ہو گی ۔ انہوں نے بتایا کہ بہار میں جیسے ہی سیاسی اتھل پتھل پیدا ہوئی تو اسی وقت بہار کی عوام بڑی تعداد میں پٹنہ کی سڑکوں پر ریالیاں دھرنے منظم کیے اور بتایا کہ نتیش کمار نے بہار کے 11 کروڑ عوام کے ساتھ دغابازی کا معاملہ کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 17 اور 18 ستمبر کو دہلی میں جنتادل (یو) کی میٹنگ شردیادو کی صدارت میں منعقد ہوگی اور اس کے بعد نتیش کمار اور ان کے ہمنواؤں کے خلاف دہلی میں جلسہ منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے تلنگانہ و آندھرا کے عوام سے اس بات کی اپیل کی ہے کہ ایسے لیڈرس جو جمہوریت اور دستور کو داغدار کررہے ہیں ان کی مخالفت میں آگے آنے کی ضرورت ہے ۔