حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں سیاسی تبدیلیوں پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے سی پی آئی نے کہا کہ نتیش کمار کو تیجسوی یادو کے خلاف کرپشن کے الزامات پر عدالت کے فیصلہ کا انتظار کرنا چاہئے تھا۔ بہار چیف منسٹر نتیش کمار نے کل غیرمتوقع طور پر استعفیٰ دے دیا لیکن حیرت انگیز سیاسی قلابازی کے ذریعہ بی جے پی کے قریب ہوگئے۔ کل تک حکومت میں شریک آر جے ڈی اب اپوزیشن پارٹی ہوگئی ہے۔ سی پی آئی جنرل سیکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے اسے افسوسناک اور منفی تبدیلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بحران سنگین ہونے کا انہیں علم تھا لیکن جو کچھ ہوا، اس پر انہیں حیرت ہے۔واضح رہے کہ نتیش کمار نے بی جے پی کی تائید سے بہار میں نئی حکومت قائم کرلی۔