نتیش کمار تاریخی غلطی سے باز آجائیں ‘ لالو

موقف پر نظر ثانی کرنے سی پی آئی کی بھی اپیل
پٹنہ / بھوبنیشور 23 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے آج پھر ان کے حلیف و آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور اپوزیشن جماعتوں نے اپیل کی کہ وہ صدارتی انتخاب میں این ڈی اے امیدوار رام ناتھ کووند کی تائید کے فیصلے پر نظر ثانی کریں تاہم نتیش کمار اپنے موقف پر اٹل ہیں۔ کانگریس زیر قیادت اپوزیشن کی امیدوار میرا کمار کو ’ بہار کی بیٹی ‘ قرار دیتے ہوئے لالو پرساد یادو نے دو دن میں دوسری مرتبہ نتیش کمار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ این ڈی اے امیدوار کی تائید کرنے کی تاریخی غلطی سے باز آجائیں۔ میرا کمار کی امیدواری کا کل اعلان کیا گیا تھا ۔ کووند بہار کے گورنر تھے اور 17 جولائی کو این ڈی اے نے انہیں اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا ۔ سی پی آئی نے بھی نتیش کمار سے اور بی جے ڈی کے صدر نوین پٹنائک سے اپیل کی کہ وہ کووند کی تائید کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ لالو پرساد یادو نے دن میں کہا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ نتیش کمار کو بھی ہندوستان کو آر ایس ایس سے پاک بنانے کی راہ پر لایا جاسکے ۔ انہوں نے دہلی سے پٹنہ آمد کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ نتیش کمار نے کس وجہ سے آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے شخص کی تائید کی ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا انہوں نے نتیش کمار سے بات کی ہے لالو نے کہا کہ اب یہ موقع نہیں ہے کہ اس طرح کے امور پر بات چیتک کی جائے ۔ سی پی آئی نے بھی نتیش کمار اور نوین پٹنائک سے اپیل کی کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ سی پی آئی کے جنرل ایس سدھاکر ریڈی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ رائے دہی سے قبل نتیش کمار اور نوین پٹنائک اپنے موقف پر نظر ثانی کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایک سکیولر شخص کے صدر جمہوریہ بننے کی ضرورت ہے کیونکہ این ڈی اے دور میں اقلیتوں اور دلتوں پر حملے ہو رہے ہیں۔