پٹنہ ۔ /29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے اپنی جماعت جے ڈی (یو) اور بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے کے 27 نئے وزراء کو شامل کیا ۔ گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی نے راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا ۔ /27 جولائی کو صرف نتیش کمار نے چیف منسٹر اور سشیل کمار مودی نے ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا اور گزشتہ روز بہار اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد انہوں نے آج اپنی وزارت میں توسیع کی ۔انہوں نے وزراء میں قلمدانوں کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے کلیدی داخلہ جنرل اڈمنسٹریشن اور ویجلنس اپنے پاس برقرار رکھا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی کو اہم قلمدان فینانس اور کمرشیل ٹیکسیس تفویض کیا ۔ اس کے علاوہ ماحولیات اور جنگلات اور انفارمیشن ٹکنالوجی کا اضافی قلمدان بھی ان کے پاس ہوگا ۔۔