کشن گنج 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے بہار میں عظیم سیکولر اتحاد کی شاندار فتح پر نتیش کمار اور لالو پرساد یادو کو مبارکباد دی اور نئی حکومت پر زور دیا کہ دلتوں اور اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔ انھوں نے یہاں اپنی پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی پر ہمیں عظیم سیکولر اتحاد کو مبارکباد دیتے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ دلتوں اور اقلیتوں کے خلاف حکمراں کوئی امتیازی سلوک نہیں کریں گے کیوں کہ اس (امتیازی سلوک) کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ ان کی پارٹی کو شکست ضرور ہوئی ہے لیکن حوصلے ہنوز بلند ہیں۔ مجلس نے علاقہ سیمانچل سے اپنے چھ امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا جو آر جے ڈی، جے ڈی (یو) اور کانگریس پر مشتمل عظیم سیکولر اتحاد کی کامیابی کی لہر میں شکست فاش ہوگئے تھے۔ مجلس کے شعلہ بیان صدر نے جو حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، اپنی پارٹی کے امیدواروں کی تائید میں شب و روز مہم چلائی تھی۔بہار کے اسمبلی انتخابات میں جنتادل (یو) اور آر جے ڈی کے ساتھ کانگریس نے سکیولر اتحاد کیا تھا۔ اس گروپ کو سب سے زیادہ اکثریت حاصل ہوئی ہے۔