میرٹھ 5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) نتھاری کا قتل کی سلسلہ وارداتوں کا مجرم سریندر کوہلی جسے 12 ستمبر کو پھانسی دی جانی ہے ،میرٹھ جیل کی انتہائی سخت حفاظتی انتظامات والی بیرک میں رکھا گیا ہے ۔ قید خانے کے عہدیداروں نے کہا کہ کوہلی کو کل رات اس بیرک میں منتقل کیا گیا اور اس کے کمرے کے باہر دو مسلح چوکیدر تعینات کردیئے گئے تا کہ اس کی خودکشی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بناسکیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ ایس ایچ ایم رضوی نے آج کہا کہ کوہلی خصوصی زمرے کا قیدی ہے اور اسے سی سی ٹی وی کی نگرانی کے تحت رکھا جائے گا ۔ اس کو پھانسی دینے سے ایک دن پہلے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ رضوی نے کہا کہ کوہلی اس کو فراہم کی جانے والی غذا استعمال کررہا ہے تاہم گذشتہ رات وہ سو نہیں سکا ۔ وہ پُر سکون ہے اور اس کا رویہ معمول کے مطابق ہے ۔ تاحال اس نے عہدیداروں کو اپنی آخری خواہش نہیں بتائی ہے ۔ وہ صبح سے ہی مذہبی کتابوں کا مطالعہ کررہا ہے ۔ کوہلی 18واں قیدی ہوگا جسے میرٹھ جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ رضوی نے کہا کہ اُن کی معیاد کے دوران کسی بھی شخص کو پھانسی نہیں دی گئی ۔ پھانسی دینے والا جلاد پون بھی اپنی ملازمت کی مدت میں پہلی بار پھانسی دے گا ۔ اُس نے کہا کہ وہ نروس محسوس نہیں کررہا ہے۔اس کو پھانسی دیتے وقت اس کے ہاتھ کانپیں گے نہیں۔ جلاد کا کام اس کا موروثی پیشہ ہے ۔اس کے باپ اور دادا کئی مجرموں کو پھانسی دے چکے ہیں اور اس نے ان کا منظر دیکھا ہے ۔