نتن یاہو نے دو وزراء کو برطرف کردیا،فوری انتخابات پر زور

یروشلم ۔ 2 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے فوری انتخابات پر زور دیتے ہوئے مخلوط حکومت میں شامل دو کلیدی وزراء کو پالیسی تنازعہ پر برطرف کردیا۔ انہوں نے وزیر فینانس یایر لپڈ اور وزیر انصاف زیپی لیونی کو برطرف کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت میں کسی طرح کی مخالفت برداشت نہیں کرسکتے۔ وہ اس بات کو ہرگز قبول نہیں کریں گے کہ حکومت کی پالیسیوں کو وزراء تسلیم نہ کریں ۔ نتن یاہو نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کو جلد از جلد تحلیل کرنے پر زور دیں گے تاکہ عوام کا واضح فیصلہ سامنے آئے۔ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کیلئے ابتدائی رائے دہی کل مقرر ہے۔ نتن یاہو کی لکوڈ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ مخلوط اتحاد کی اس تجویز کو تائید امکان ہے جس کے تحت انتخابات مارچ 2015 ء میں ہوں گے۔