نتن یاہو فلسطینیوں سے غیرمشروط مذاکرات کیلئے تیار

یروشلم ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ ان کی حکومت فلسطینیوں کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر فوری اور غیر مشروط مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر مذاکرات سے قبل کسی قسم کی شرط قبول نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صدر عباس، میں جانتا ہوں کہ معاملہ اتنا سیدھا نہیں بلکہ بہت پیچیدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اقوام کا ہمارے اوپر یہ حق ہے کہ ہم کوشش کریں اور کوششیں جاری رکھیں۔ اگر ہم مل بیٹھ کر مسائل کے حل کی کوشش کریں تو مجھے یقین ہے کہ ہم مشکل فیصلے کرنے اور اپنی اپنی قوم کے لیے ناقابل یقین اقدامات کرسکتے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نے حسب توقع اپنے خطاب میں ایران کے متنازعہ نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے طے پائے معاہدے کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے دفاع کے لیے ہر وہ کام کرے گا جو اسے کرنا چاہیے۔ ایران کو نیوکلیئر ہتھیاروں کے حصول کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دنیا کے کسی بھی ملک کو اسرائیل کو تباہ کرنے اور اس کے مستقبل کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسرائیل اور یہودی قوم کا دفاع ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس مقصد کے لیے کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔نتن یاہو نے ایران کی اسرائیل کو تباہ کرنے کی دھمکیوں پر جنرل اسمبلی سے بطور احتجاج اپنی تقریر کے دوران 45 سیکنڈ کی خاموشی اختیار کی۔