نتن یاہوکو کرپشن اسکینڈل سے بچانے بل منظور

تل ابیب،29دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی پارلیمنٹ میں وزیراعظم نتن یاہو کو کرپشن مقدمات میں تحفظ فراہم کرنے کا بل منظور کرلیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرپشن مقدمات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم کو الزامات سے بچانے کیلئے اپوزیشن کی شدید مخالفت کے باوجود صرف 5ووٹ کی برتری سے بل منظور کیا گیا، بل وزیراعظم کی پارٹی کی جانب سے ایوان میں پیش کیا گیا جسکے حق میں 59 اور مخالفت میں54 ووٹ ڈالے گئے ۔بنیادی طور پر اس بل میں پولیس کے اختیارات کو محدود کیا گیا ہے جبکہ تجزیہ نگاروں اور ناقدین کا کہنا ہیکہ حکومتی بل کا مقصد صرف اور صرف وزیراعظم کو کرپشن اسکینڈل میں تحفظ فراہم کرنا ہے ۔نتن یاہو کا کہنا ہیکہ یہ قانون بے گناہ افراد کو تحفظ دیگا ، خصوصاً ان افراد کو جو روزانہ پولیس کی تفتیش کی اذیت کا سامنا کرتے ہیں تاہم ناقدین کا ماننا ہیکہ یہ قانون دراصل پولیس کی جانب سے وزیراعظم کیخلاف جاری تفتیش کے اختیارات کو کم کرنا ہے جبکہ اپوزیشن نے بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔واضح رہیکہ نتن یاہو کو اس وقت دو کرپشن اسکنڈلز کا سامنا ہے جس میں پولیس نے ان سے تفتیش بھی کی ہے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی مقدمات قرار دیا ہے ۔

جاریہ سال 300 افراد کو قتل کیا گیا:امریکی میڈیا
واشنگٹن ،29دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی میڈیا کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں جاریہ سال300 افراد کو قتل کیا گیا،جبکہ گزشتہ سال نیویارک میں 329 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔امریکی میڈیا رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نیویارک میں90 کی دہائی میں ہر سال قتل کیے گئے افراد کی تعداد 2 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔علاوہ ازیں جاریہ سال نیویارک میں لوٹ مارکے 13700 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ سال میں لوٹ مارکے 15,500 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
نیویارک میئر کے بل ڈی بلاسیو کا کہنا تھا کہ پولیس اور مقامی آبادی کے درمیان بہتر روابط کے باعث جرائم میں کمی آئی ہے ۔