پارٹی میں قیادت کا فقدان: جی وینکٹ رمنا ریڈی سابق چیف وہپ
حیدرآباد /2 مئی (سیاست نیوز) سابق چیف وہپ جی وینکٹ رمنا ریڈی نے نتائج سے قبل کانگریس کے کمزور موقف کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کی تشکیل کا امکان ہے۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کانگریس نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی اور نئی ریاست میں پہلی حکومت کانگریس ہی تشکیل دے گی، لیکن تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم اطمینان بخش نہیں رہی۔ انھوں نے کہا کہ قیادت کے فقدان کے باعث انتخابی مہم کے دوران کئی خامیاں منظر عام پر آئی ہیں، یعنی جن اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کے کامیابی کے امکانات واضح تھے، وہاں بھی پارٹی امیدواروں کو سخت مقابلہ کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ اور ٹی آر ایس کے انتخابی منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی، لیکن پارٹی کیڈر یہ پیغام عوام تک پہنچانے میں ناکام رہا۔ انھوں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا کا نام لئے بغیر کہا کہ نتائج کے لئے ریاست کی قیادت ذمہ دار ہوگی۔ انھوں نے کانگریس قائدین کو محاسبہ کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اتنی خامیوں کے باوجود تلنگانہ کے عوام علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔