حیدرآباد 12 فبروری ( این ایس ایس ) نیشنل بینک فار اگریکلچر و رورل ڈیولپمنٹ ( نبارڈ ) نے رورل انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت آندھرا پردیش کو 164.43 کروڑ کی قرض امداد مختص کی ہے تاکہ ریاست میں ایک ہیلت سنٹر قائم کیا جاسکے اور 30 کمیونٹی ہیلت مراکز کو اپ گریڈ کیا جاسکے ۔ یہ مراکز آندھرا پردیش کے 12 اضلاع میں ہیں۔ جن پراجیکٹس کو منظوری دی گئی ہے امکان ہے کہ ان کے نتیجہ میں جملہ 1,631 گاووں کو فائدہ ہوگا اور وہاں ہیلت مراکز میں بہتر سہولیات اور انفرا اسٹرکچر فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔ اس کے علاوہ ایک نیا 30 بستروں کا کمیونٹی ہیلت سنٹر قائم کیا جائیگا اور موجودہ ہیلت مراکز میں مزید 990 بستروں کی سہولت فراہم کی جائیگی ۔ جو انفرا اسٹرکچر اس امداد سے فراہم کیا جائیگا ان میں سرجیکل دواخانہ ‘ پی پی ٹی سی روم کا قیام ‘ میٹنگ رول ‘ الیکٹریکل ہال ‘ راجیو آروگیہ روم ‘ بلڈ اسٹوریج روم ‘ ایمبولنس شیڈ ‘ نیم طبی عملہ کا روم ‘ مردہ خانہ ‘ سرجیکل وارڈ اور دوسری سہولیات بھی شامل ہیں۔