ممبئی۔/23جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام )تلگو اداکار اکینینی ناگیشور راؤ کے انتقال سے جہاں تلگو فلمی صنعت کو نقصان ہوا ہے وہیں بالی ووڈ پر بھی اسکے اثرات پائے گئے۔ ناگیشور راؤ اور این ٹی راما راؤ کا تلگو فلمی صنعت میں وہی مقام تھا جو ہندی فلموں میں دلیپ کمار اور راجکپور کا تھا۔اکینینی ناگیشور راؤ کی کئی فلموں کو ہندی میں ری میک بھی کیا گیا تھا جو کامیاب ہوئی تھیں۔ انہوں نے’’ سورن سندری‘‘ نامی ایک ہندی فلم میں بھی کام کیا تھا جسکا ایک گانا ’’ کوہو کوہو بولے کوئلیا ‘‘ بہت مقبول ہوا تھا جسے لتا منگیشکر اور محمد رفیع نے گایا تھا۔ دلیپ کمار، سائرہ بانو، امیتابھ بچن، ونود کھنہ، وجینتی مالا، سروجہ دیوی، شتروگھن سنہا، رشی کپور اور سنجے خان نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ دلیپ کمار نے کہا کہ وہ جب حیدرآباد آتے ‘این ٹی آر اور اے این آر سے ضرور ملاقات کرتے تھے،آجکل خود میرامزاج ٹھیک نہیں ہے امیتابھ بچن نے ناگرجنا کے نام تحریر کردہ اپنے ٹوئیٹر میں تعزیت پیش کرتے ہوئے آنجہانی کی آتما کی شانتی کی دعاء کی۔ امیتابھ بچن اور ناگرجنا نے سری دیوی کے ساتھ فلم خدا گواہ میں کام کیا تھا۔ ونود کھنہ نے کہا کہ اکینینی کے انتقال سے تلگو فلمی صنعت کے ایک سنہرے دور کا خاتمہ ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ صرف دس دنوں کے دوران دو تلگو اداکاروں کی موت تلگو فلمی صنعت کیلئے زبردست نقصان ہے۔ یاد رہے کہ دس روز قبل نوجوان تلگو اداکار اودے کرن نے اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔
کیا ہری بوٹ جانوروں کی غذا ہے؟
نینی تال۔/23جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی ہندوستان کے علاوہ شمال مشرقی ریاستوں، ملک کا جنوبی اور مغربی خطہ ایسے علاقے ہیں جہاں ہری بوٹ کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے۔ سردیوں کے رخصت ہونے اور گرما کی آمد پر ہری بوٹ بازار میں فروخت کی جاتی ہے۔ اس سلسلہ میں جب ایک ماہر صحت کیلاش چندر سریواستو سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہری بوٹ ایک بہترین غذا ہے اور یہ سمجھنا بالکل غلط ہے کہ یہ جانوروں کا چارہ ہے اور انسانوں کے استعمال کے قابل نہیں۔ مسٹر سریواستو نے کہا کہ ہری بوٹ میں وٹامنس کا خزانہ ہے جو انسان کی بینائی کو تیز کرتے ہیں۔ ہرے چنے کے دانوں کو چھیل کر راست طور پر اور کبھی انہیں بھون کر کھایا جاتا ہے۔ البتہ اس کے پتوں کو جانوروں کے چارے کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ہری بوٹ کے استعمال کرنے والے افراد میں بچے، نوجوان، معمر افراد اور خواتین سب شامل ہیں تو کیا تمام افراد کیلئے یکساں صحت بخش ہے؟ انہوں نے کہا کہ یوں تو ہری بوٹ ہر ایک کیلئے یکساں طور پر فائدہ مند ہے لیکن اگر ادھیڑ عمر کے لوگ اس کا زاید استعمال کریں تو 70 یا 80سال کی عمر تک پہنچنے کے باوجود انہیں عینک کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔