ناگم جناردھن ریڈی کا طرز عمل آمرانہ

کانگریس میں شمولیت کی کوششوں کی مخالفت : دامودر ریڈی
حیدرآباد 23 فبروری ( این ایس ایس ) کانگریس ایم ایل سی دامودر ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ محبوب نگر کانگریس میں اختلافات کیلئے سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی ذمہ دار ہیں۔ دامودر ریڈی بی جے پی لیڈر ڈاکٹر ناگم جناردھن ریڈی کی کانگریس میں مجوزہ شمولیت کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناگم جناردھن ریڈی در اصل جئے پال ریڈی کے حامی ہیں اور جئے پال ریڈی کانگریس میں رہتے ہوئے بھی ان کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے دامودر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ جئے پال ریڈی در اصل سابق ریاستی وزیر ڈی کے ارونا کو نشانہ بنا رہے ہیں جنہوں نے محبوب نگر میں کانگریس کو مستحکم کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این جناردھن ریڈی اگر کانگریس میں شامل ہوجائیں تب بھی وہ انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ۔ کانگریس کا کوئی کارکن یا لیڈر ناگم کو پسند نہیں کرتا کیونکہ ان کا طرز عمل آمرانہ انداز کا ہوتا ہے ۔ اپنے اسی ڈکٹیٹرانہ انداز کی وجہ سے جناردھن ریڈی بی جے پی میں بھی اپنا مقام رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ وہ بی جے پی کارکنوں کو بھی ضلع میں ہراساں کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جئے پال ریڈی صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کانگریس صدر راہول گاندھی سے شکایت درج کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے انتخابات کے وقت میں کانگریس کے امکانات کو نقصان ہوسکتا ہے ۔