ناگرکرنول کے کانگریس کارکنوں کا گاندھی بھون پر دھرنا

غیر مقامی قائد کو ٹکٹ کی مخالفت، یادداشت کی پیشکشی
حیدرآباد۔ 04 مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا کی نشستوں کے لیے کانگریس پارٹی میں مسابقت کا آغاز ہوچکا ہے۔ کئی حلقہ جات میں مقامی اور غیر مقامی امیدواروں کے مسئلہ پر اختلافات پیدا ہوگئے۔ ناگرکرنول لوک سبھا حلقہ سے مقامی قائد کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں نے گاندھی بھون میں دھرنا منظم کیا۔ پردیش کانگریس الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی نے 17 لوک سبھا حلقوں کے لیے ہائی کمان کو جن ناموں کی سفارش کی ہے ان میں ناگرکرنول سے بعض غیر مقامی قائدین کے نام شامل ہیں جس پر مقامی قائدین اور کارکنوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ احتجاجی کارکنوں نے غیر مقامی شخص کو ٹکٹ دینے کے خلاف نعرے بازی کی اور انتباہ دیا کہ اگر مقامی شخص کو ٹکٹ نہیں دیا گیا تو کانگریس کی کامیابی ممکن نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی افراد کو ٹکٹ دیئے جانے کی صورت میں علاقے کی ترقی ممکن نہیں ہے اور سابق میں علاقے کو تلخ تجربات سے گزرنا پڑا۔ کارکنوں نے دھمکی دی کہ اگر غیر مقامی شخص کو ٹکٹ دیا گیا تو ہر اسمبلی حلقے میں بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ قائدین نے غیر مقامی شخص کو انتخابی مہم میں تعاون کرنے سے انکار کردیا۔ احتجاجیوں نے پردیش کانگریس کے نائب صدر کمار رائو کو اس سلسلہ میں یادداشت پیش کی جو صدرپردیش کانگریس کو حوالے کریں گے۔ احتجاجیوں نے صدر کانگریس راہول گاندھی کو بھی اس سلسلہ میں علیحدہ یادداشت روانہ کی ہے۔