ٹولی چوکی کے محنت کش مسلم خاندان کی تفریح المناک حادثہ میں تبدیل، مقام حادثہ پر دلخراش منظر
نلگنڈہ ؍ حیدرآباد۔ 29 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد۔ ناگرجناساگر شاہراہ پر پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں 6 افراد ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ مہلوکین میں 5 سالہ معصوم لڑکا اور 2 خواتین شامل ہیں ۔ پولیس کے بموجب حیدرآباد کے علاقہ ٹولی چوکی میں واقع حکیم پیٹ کنٹہ کے ساکن 4 خاندان نے علحدہ علحدہ کاروں کے ذریعہ ناگرجناساگر پراجکٹ کو تعطیل کی وجہ سے تفریح کے لئے رات کے آخری پہر ٹولی چوکی سے روانہ ہوئے تھے ۔ صبح کی ابتدائی ساعتوں میں ضلع نلگنڈہ کے چنتاپلی منڈل کے موضع ناسرلہ پلی میں ڈرائیور کی لاپرواہی اور نیند کی وجہ زیلو کار اے پی 28 ٹی ڈی 5837 بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے پتھر کو ٹکر دے کر بس اسٹاپ کو ٹکر دیدی جس کی وجہ سے کار میں سوار 5 افراد بشمول ڈرائیور 38 سالہ محمد معین برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ حادثہ کو دیکھ کر راستہ سے گذرنے والے اور دیہی عوام نے فوری زخمیوں کو باہر لا کر پولیس کو اطلاع دی ۔ تمام 9 زخمیوں میں 5 کی حالت شدید تشویشناک رہنے پر فوری حیدرآباد کے اویسی دواخانہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستہ میں 5سالہ معصوم لڑکا محمد سمیع ‘ 27 سالہ محمد مصطفی ‘ 19 سالہ محمد صدام ‘ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ جبکہ 53 سالہ اختر النساء او ر عائشہ بھی دوران علاج جانبر نہ ہوسکے ۔ کار میں سوار 10 کے منجملہ 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ڈی ایس پی دیورکنڈہ مسٹر روی کمار نے حادثہ کی اطلاع پر فوری جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا اور بتایا کہ ٹولی چوکی کے علاقہ حکیم یپٹ کے ساکن 4 خاندانوں نے علحدہ کاروں کے ذریعہ تفریح کی غرض سے 4 بجے شب ناگرجناساگر روانہ ہوئے تھے کہ 6 بجکر 25 منٹ پر چنتاپلی منڈل کے موضع ناسرلہ پلی میں اُن کی کار پتھر سے ٹکرا کر بے قابو ہوگئی اور بس اسٹاپ کو ٹکر دیدی جس کی وجہ سے 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ڈرائیور کی نیند اور لاپرواہی و تیزی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ۔ سب انسپکٹر پولیس چنتاپلی مسٹر ناگا بھوشنم نے بتایا کہ یہ تمام خاندان غریب و مزدور پیشہ ہیں اور معمولی سے کام کاج کر کے زندگی بسر کر رہے تھے ۔ یہ خاندان تفریح کی غرض سے ناگرجناساگر پراجکٹ سیر کیلئے روانہ ہوئے تھے ۔ تمام زخمیوں کو حیدرآباد کے خانگی دواخانہ سے رجوع کیا گیا اور تمام مہلوکین کو بغرض پوسٹ مارٹم عثمانیہ دواخانہ منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس چنتاپلی مقدمہ درج کے کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوکین کا ایک ہی خاندان سے تعلق ہے۔
ناگرجناساگر میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 29 ؍ جولائی( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ و پڑوسی ریاستوں میں اطمینان بخش بارش کے نتیجہ میں ناگرجناساگر پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے19628 کیوسکس پانی ناگرجناساگر پراجکٹ میں جمع ہو رہا ہے ۔ پانی کے ذخیرہ کی گنجائش (312) ٹی ایم سی رہنے پر فی الوقت اس پراجکٹ میں پانی کی مقدار (135) ٹی ایم سی پائی جاتی ہے ۔ جبکہ ضروری اغراض جیسے شہر حیدرآباد کو اور ضلع نلگنڈہ وغیرہ کو پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے ناگرجناساگر پراجکٹ سے پانی چھوڑا بھی جاتا ہے ۔
ناگرجناساگر پراجکٹ کی مکمل سطح آب کی گنجائش (590)فٹ ہے ۔ لیکن ناگرجناساگر پراجکٹ میں فی الوقت پائی جانے والی پانی کی سطح (512.20 فٹ) ہے ۔ اور آئندہ چند دنوں کے دوران ناگرجناساگر پراجکٹ کی سطح آب میں اضافہ کا امکان ہے ۔