ناگالینڈ میں قبائلی تنظیموں کا پر تشدد احتجاج

پولیس فائرنگ میں 3 افراد ہلاک ، بند اور مظاہروں سے صورتحال کشیدہ
کوہیما ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اضلاع دیماپور اور لانگ لینگ میں کل رات تشدد پر آمادہ ہجوم اور پولیس کے درمیان تصادم میں 2 افراد ہلاک اور کئی ایک زخمی ہوگئے ۔ جب کہ ہجوم نے سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا ہے ۔ اس کے باوجود ناگا لینڈ میں آج بعض مقامی مجالس کے انتخابات منعقد کروائے گئے ۔ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ریاست میں کل رات سے ہی موبائل ڈاٹا سرویس منقطع کردی گئی جب کہ بعض قبائلی تنظیموں نے مجالس مقامی کے انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے آج اضلاع میں بند منایا ۔ دیماپور میں اس وقت 2 نوجوان ہلاک اور دیگر 3 زخمی ہوگئے جب چیف منسٹر ٹی آر زیلانگ کی خانگی قیام گاہ کے قریب کل شب 9-30 بجے ایک ہجوم اکھٹا ہوگیا انہیں روکنے کے لیے پولیس نے مداخلت کی ۔ اگرچیکہ پولیس فائرنگ میں 3 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے لیکن سرکاری حکام نے توثیق سے انکار کردیا ہے ۔ ریاست کے دور افتادہ ضلع لانگ لینگ میں بھی 7 افراد زحمی ہوگئے جب ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس میں ہجوم کو داخلے سے باز رکھنے کے لیے پولیس نے فائرنگ کردی ۔ ہجوم نے انتخابی سازو سامان ( میٹریل ) کو نقصان پہنچایا ۔ دونوں اضلاع میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر سرکاری انتظامیہ نے امتناعی احکامات ( دفعہ 144 ) نافذ کردئیے ہیں ۔ دیما پور میں بھی پولیس نے ہوا میں فائرنگ کردی ۔ جہاں پر عوام ، حکومت کے فیصلے کے خلاف مظاہرہ کررہے تھے ۔ دریں اثناء مختلف قبائلی تنظیموں نے آج بعض اضلاع میں بند منانے کا اعلان کیا تاکہ 12 کونسلوں کے انتخابات کے لیے عوام کو رائے دہی میں حصہ لینے سے باز رکھا جاسکے ۔ یہ بند صبح 7 بجے سے 3-30 بجے تک منایا گیا ۔ کوہیما میں انگامی یوتھ آرگنائزیشن نے بتایا حکومت ، پھوٹ ڈالو ۔ حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ جس کے خلاف سرکاری عہدیداروں اور عوامی نمائندوں پر تحدیدات عائد کردی جائے گی ۔ جب کہ مذکورہ قبائلی تنظیم مجالس مقامی کے انتخابات میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن مختص کرنے کی مخالفت کررہی ہیں ۔۔

دو افیوم اسمگلر گرفتار
اجمیر، یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں اجمیر کے کلاک ٹاور تھانہ علاقے میں پولیس نے دو نوجوانوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 590 گرام افیوم برآمد کی ہے ۔پولیس آفیسررامیندر سنگھ ھاڈا نے آج یہاں بتایا کہ دونوں نوجوان مدھیہ پردیش کے مندسور ضلع کے رہنے والے ہیں۔ان کے نام صدام اور محمد حسین ہیں اور گذشتہ پانچ سالوں سے اجمیر میں افیوم کی اسمگلنگ کر رہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ ضبط کی گئی افیوم کی مالیت تقریباً چار لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے ۔