ناگالینڈ میں دہشت گردوں کا حملہ ،8 آسام رائفلز جوان ہلاک

کوہیما / گوہاٹی ۔ /3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ناگالینڈ کے ضلع مون میں مشتبہ این ایس سی این (کے) دہشت گردوں کے گھات لگاکر کئے گئے حملے میں آسام رائفلز کے 8 جوان ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ۔ مزید 4 جوان لاپتہ بتائے گئے ہیں ۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 23 ویں آسام رائفلز کے 18 جوانوں پر مشتمل گروپ قریبی چشمے سے پانی لانے کیلئے ٹرک میں سفر کررہا تھا کہ دہشت گردوں نے گھات لگاکر حملہ کردیا ۔ یہ واقعہ تقریباً 2.30 بجے دن پیش آیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ این ایس سی این (کے) کیڈر نے یہ حملہ کیا جس کے نتیجہ میں تین جوان برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ یہاں مزید جمعیت کو فوری روانہ کیا گیا ۔ آسام رائفلز نے جوابی کارروائی کی اور موصولہ اطلاعات کے مطابق 8 جوان اور ایک دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں ۔ 6 جوان زخمی ہوگئے اور 4 لاپتہ ہیں ۔ مرکز نے 15 سال سے جاری جنگ بندی معاہدے کوگزشتہ ماہ ختم کرتے ہوئے اس میںمزید توسیع سے انکار کیا تھا ۔ این ایس سی این (کے) نے /2 اپریل کو اروناچل پردیش کے تیراپ ضلع میں فوجی قافلے پر گھات لگاکر حملہ کیا تھاجس میں تین جوان ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ۔