نئی دہلی ، یکم جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے ریاست ناگالینڈ کو مزید 6 ماہ کیلئے شورش زدہ قرار دیتے ہوئے اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ اس کے باعث مسلح فورسیس کو افسپا کے تحت بغیر وارنٹ کے تلاشی ، دھاوے اور گرفتاری کے اختیارات حاصل ہوجائیں گے ۔ وزارت داخلہ نے اعلامیہ میں کہا کہ یہ عمومی رائے پائی جاتی ہے کہ ناگالینڈ کا پورا علاقہ شورش زدہ اور خطرناک حالت میں ہے ۔ اور سیول پولیس کی اعانت کیلئے مسلح فورسیس کا استعمال ناگزیر ہوگیا ہے۔ نوٹیفیکشن میں بتایاگیا ہے کہ آرمڈ فورسیس (اسپیشل پاورس) ایکٹ 1958ء سیکشن 3 کے تحت محصلہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے مرکزی حکومت پوری ریاست کو مزید 6 ماہ کیلئے شورش زدہ قرار دیتی ہے ۔