ناکافی بارش ، تلنگانہ میں موسم گرما میں شدید مسائل کا خدشہ

حیدرآباد ۔26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ماہ ستمبر ختم ہونے کو ہے اور حیدرآباد کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں ناکافی بارش سے پریشان کن حالات پیدا کردئیے ہیں ۔ مانسون اپنے اختتامی دنوں میں داخل ہوچکا ہے ۔ لیکن حیدرآباد کے علاوہ میڑچل ، رنگاریڈی ، میدک اور سنگاریڈی میں ناکافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جنوب مغربی مانسون جس کا جون میں آغاز ہوتا ہے اور یہ تلنگانہ میں 15 اکٹوبر کو ختم ہوتا ہے لیکن محکمہ موسمیات کے بموجب رواں برس ناکافی بارش سے نہ صرف پیداوار اور زیر زمین سطح آب میں کمی ہوگی بلکہ آئندہ برس موسم گرما بھی خطرناک ہوسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے کہا کہ ہفتہ کے دن شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی لیکن چند ایک مقامات پر تھوڑی دیر ہی موسلا دھار بارش ہوئی اور یہ پیش قیاسی بھی غلط ثابت ہوئی اور ناکافی بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حالات اسی طرح جاری رہے تو مانسون کے بعد کے ماہ میں حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں اور خاص کر آئندہ موسم گرما کافی رہائشی علاقوں کے لیے مشکل ترین ہوسکتا ہے اور تو اور جو کسان بورویل پر انحصار کرتے ہیں ۔ ان کے لیے بھی مسائل سنگین ہوسکتے ہیں کیوں کہ زیر زمین سطح آب میں تشویش ناک حد تک کمی ہوسکتی ہے ۔ تلنگانہ میں زیر زمین آب کی سطح کی پیمائش کے اعداد و شمار رکھنے والے محکمہ کے بموجب تلنگانہ میں ناکافی بارش کی وجہ سے سطح آب میں کمی ہوئی ہے اور ماہ اگست میں پیمائش کے بعد اس سطح میں کمی ہی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون کمزور ہوچکا ہے جب کہ آئندہ 3 تا 4 دنوں میں ریاست کے چند مقامات پر بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔۔