ناچارم میں اس ہفتہ ڈبل بیڈ روم مکانات حوالے کئے جائیں گے

حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ناچارم کے سلم علاقے سنگم چیرو کے افراد کو اس ہفتہ ڈبل بیڈ روم کے گھر حوالے کیے جانے کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے بموجب میونسپل اڈمنسٹریشن اور اربن ڈیولپمنٹ کے وزیر کے ٹی راما راؤ اس ہفتہ ناچارم میں ڈبل بیڈ روم کے مکانات ان کے حوالے کریں گے ۔ سلم علاقے کے رہنے والوں کے لیے 176 ڈبل بیڈ روم مکانات حوالے کئے جائیں گے اور کالونی میں بچوں کے کھیلنے کا پارک ، گرین پارک ، بارش کے پانی کو محفوظ رکھنے کی سہولیات اور دیگر ضروریات سے آراستہ یہ مکانات تعمیر کئے گئے ہیں ۔ ہر مکان 560 مربع فیٹ پر تعمیر ہوا ہے جس پر 7.75 لاکھ روپئے کے مصارف برداشت کئے گئے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان مکانات کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کے تعمیراتی اشیاء استعمال کی گئی ہیں اور ہر فلائیٹ میں 2 بیڈ روم ، کچن ، ہال ، باتھ رومس اور یوٹیلیٹی ایریا بھی شامل ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے بموجب ان مکانات کی تعمیر پر 13.64 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں اور مذکورہ وزیر کے ہاتھوں انہیں عوام کے حوالہ کردیا جائیگا ۔۔