نامردی و معاشقہ، کسانوں کی خودکشیوں کی اہم وجہ : مرکز

نئی دہلی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ’’نامردی، عشق و عاشقی اور جہیز ہندوستان میں رواں 1400 کسانوں کی خودکشیوں کی اہم وجوہات میں شامل ہیں‘‘۔ اس بات کا انکشاف نریندر مودی حکومت کے ایک ذمہ دار وزیر رادھا موہن سنگھ نے کیا ہے۔ وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے ایک سوال پر راجیہ سبھا کو دیئے گئے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ ’’نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق (کسانوں کی) خودکشیوں کی وجوہات میں بیماری، منشیات کا استعمال، جہیز، عشق و معاشقہ اور نامردی شامل ہیں‘‘۔ تاہم وزیر زراعت کے اس جواب میں قرضوں کو خودکشی کی ایک وجہ قرار دینے سے انکار بھی نہیں کیا گیا۔ اس بیان کے ذریعہ حکومت نے ملک میں ایک سال کے دوران 1400 کسانوں کی خودکشی کا اعتراف کرتے ہوئے متحارب اور سرکش اپوزیشن کو ایک چارہ فراہم کردیا ہے کیونکہ اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی حصول اراضی کی متنازعہ بل کو ’’غریب دشمن‘‘ اور ’’کسان دشمن‘‘ قرار دیتے ہوئے نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ سرکاری اعداد میں اعتراف کیا گیا ہے کہ 2014ء کے دوران 5,650 کسانوں نے خودکشی کی تھی، ان میں سب سے زیادہ تعداد مہاراشٹرا، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ میں تھی۔