نالہ میں بہہ جانے والی متوفیہ کے ورثاء کو ایکس گریشیا کا مطالبہ

حیدرآباد /13 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے کل حیدرآباد میں بارش کے باعث ایک خاتون کے نالہ میں بہہ جانے پر تشویش ظاہر کی اور گریٹر حیدرآباد بلدیہ کے ذمہ دار ملازمین کو معطل کرنے اور متاثرہ کے افراد خاندان کو دس لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ صفر کے دوران انھوں نے کہا کہ بلدیہ حیدرآباد کی لاپرواہی سے ایک نوجوان حاملہ خاتون نالہ میں بہہ گئی، یعنی گریٹر حیدرآباد بلدیہ اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برت رہی ہے، جس کے سبب شہریوں کی زندگی خطرے میں ہے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس حادثہ کے ذمہ دار ملازمین کو معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو ایکس گریشیا کے علاوہ خاندان کے کسی ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ شہروں کے علاوہ منڈل سطح پر بھی نالوں کی مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے۔