ناسک ( مہاراشٹرا ) 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) مختلف قبائیلوں پر مشتمل بیشتر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت 3.2 نوٹ کی گئی ۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سُرگنا ، کلوان ، دیولا اور بگلان ایسے اضلاع ہیں جہاں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ مہاراشٹرا انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ (MERI) کے جیالوجی سیکشن نے یہ اطلاع دی جس کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں میں جائیدر ، کٹھیاڈگر ، زروالے اور لنگایت نامی علاقوں میں واقع مکانات میں شگاف بھی پڑگئے ۔
گوا میں منہدمہ عمارت مہلوکین کی تعداد 19 ہوگئی
پنجی ۔ 8 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کاناکونا بلڈنگ انہدام کے حادثہ میں ملبہ سے ایک اور نعش ملنے کے بعد مہلوکین کی جملہ تعداد 19 ہوگئی ہے ۔ فائر اور ایمرجنسی خدمات کے ڈائرکٹر اشوک مینن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک نعش گزشتہ شام دستیاب ہوئی تھی اور دوسری آج ملی ہے ۔ یاد رہے کہ حادثہ کے بعد اس عمارت کے ملبہ سے نعشوں کو نکالنے کی کوشش اور بچاو کاری مسدود کردی گئی تھی کیونکہ مشینوں کے چلنے سے متصلہ عمارتوں میں ارتعاش کی وجہ سے شگاف پیدا ہونے کے اندیشے بڑھ گئے تھے لیکن بعدازاں بچاو کاری دوبارہ شروع کردی گئی ۔ کاناکونا بلڈنگ زیرتعمیر تھی جو ہفتہ کے روز منہدم ہوگئی تھی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اب بھی ملبہ میں مزید دس نعشوں کے موجود ہونے کے امکانات ہیں ۔