ناسک میں بے موسم بارش سے فصلیں تباہ، ضعیف شخص فوت

ناسک۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ضلع ناسک کے کئی مواضعات میں بے موسم کی بارش اور ژالہ باری سے ایک 60 سالہ ضعیف شخص کی موت ہوگئی جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ رپورٹس کے مطابق ناسک، نفاڈ اور سینر تھیل ٹاؤن کے علاوہ 40 مواضعات ایسے ہیں جہاں بے موسم بارش نے تباہی مچادی جس میں انگور، گیہوں اور پیاز کی کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ مواضعات میں سائی کھیڈا، چنڈوری، کارانجگاؤں، ترول کھیڈارے، تمس واڑی، ملساکور، شنگوے، کوتھورے اور سون گاؤں کے نام قابل ذکر ہیں۔ دریں اثناء سینر کے نائب تحصیلدار پرشانت پاٹل نے کہا کہ بارش کی وجہ سے نیوروتی نامی ایک ضعیف شخص کی اس وقت موت ہوگئی جب وہ اپنے مویشیوں کو چرانے کے بعد واپس ہورہا تھا کہ اچانک ژالہ باری کی زد میں آ گیا۔ انگور کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا جبکہ ساتنا تحصیل میں شدید بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے انارکی بوائی نہیں کی جاسکی۔ تمام ریونیو افسران کو فصلوں کی تباہی کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شکتی ملز اجتماعی عصمت ریزی مقدمہ، ملزمین کے بیانات قلمبند
ممبئی ۔ 6مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شکتی ملز فوٹو جرنلسٹ اجتماعی عصمت ریزی مقدمہ میں سیکنڈ کورٹ نے ملزمین کے بیانات قلمبند کرنے کا کام مکمل کرلیا۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اجول نکم نے بتایا کہ چار ملزمین کے بیانات قلمبند کرنے کا کام پورا ہوگیا ہے۔ وکیل دفاع پرکاش سلسنگیکر نے کہا کہ عدالت نے ملزمین سے تقریباً 970 سوالات پوچھے۔ اس دوران اجول نکم نے شکتی ملز ٹیلیفون آپریٹر اجتماعی عصمت ریزی مقدمہ میں قطعی بحث شروع کردی ہے جو کل بھی جاری رہے گی۔ پہلا مقدمہ 22 سالہ میگزین فوٹو جرنلسٹ کی مبینہ اجتماعی عصمت ریزی سے متعلق ہے جو اپنے ہر ساتھیوں کے ساتھ 22 اگست کو ڈیوٹی کے سلسلہ میں وہاں پہنچی تھی۔ دوسرا مقدمہ 18 سالہ ٹیلیفون آپریٹر سے متعلق ہے جس کی 5 ملزمین نے مبینہ طور پر اجتماعی عصمت ریزی کی۔ 19 ستمبر 2013ء کو ممبئی پولیس کرائم برانچ نے فوٹو جرنلسٹ اجتماعی عصمت ریزی مقدمہ کے سلسلہ میں چار ملزمین کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ پیش کی ہے۔ ان تمام پر عصمت ریزی، سازش اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔