ناساکا خلائی دوربین لانچ کرنے کا منصوبہ

واشنگٹن ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ناسا آئندہ نسلوں کیلئے ایک خلائی دوربین لانچ کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے جس کے ذریعہ کائنات کی اتنی بڑی تصویر دیکھی جاسکتی ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی اور اُس میں اُتنی ہی شفافیت اور گہرائی ہوگی جتنی کہ ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ میں ہوتی ہے ۔ 2020 ء کے وسط میں مذکورہ دوربین لانچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ ناسا نے بتایا کہ وائڈ فیلڈ انفراریڈ سروے ٹیلی اسکوپ (WFIRST) ہبل کے ساتھی ٹیلی اسکوپ ( کزن) کے طورپر کام کرے گا ۔ تفصیلات کے مطابق ہبل کے کیمروں کی ہی طرح حساس WFIRST کے 300 میگاپگزل وائڈ فیلڈ انسٹرومنٹ سے آسمانی علاقہ 100 گنا زیادہ بڑا نظر آئے گا ۔ امریکہ کی پرنسٹن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ اسپرچل نے یہ بات بتائی ۔