ناریل پانی فروخت کرنے والے محمد رفیع ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تیاری میں مصروف

حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( ابوایمل ) : تعلیم انسان میں اخلاق و کردار پیدا کرتی ہے ۔ تعلیم قدرت کی وہ انمول نعمت ہے جسے اللہ تعالیٰ یہ نعمت عطا کرتا ہے وہ انتہائی خوش نصیب ہوتاہے ۔ تعلیم ایسا خزانہ ہے جو خرچ کرنے پر مزید بڑھتا رہتا ہے ۔ اگر مسلمانوں کی پسماندگی کا جائزہ لیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ علم سے دوری کے نتیجے میں وہ ہر قسم کی پسماندگی کا شکار ہیں ۔ اگر اسی بنیادی مسئلہ کو حل کرلیا جائے تو ترقی و کامیابی مسلمانوں کے قدم چومے گی ۔ قارئین آئیے آج ہم آپ کو ایک ایسے ہونہار مسلم نوجوان کو آپ کے روبرو کراتے ہیں جو اپنے کھیتوں میں کام کرتے ہوئے اپنے والد کے دھابے میں والد صاحب کا ہاتھ بٹاتے ہوئے ایس ایس سی ، انٹر ، بی اے ، بی ایڈ ، ایم اے اور اب ایم فل کی تعلیم مکمل کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے ۔ قارئین دراصل ہم بات کررہے ہیں ضلع محبوب نگر کے منے نور گاؤں سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ محمد رفیع کی جن کا گاؤں سری سیلم جانے والے ہائی وے پر واقع ہے ۔ نمائندہ سیاست سے ہونے والی ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے والد کی اکلوتی اولاد ہیں ۔ ان کے والد تعلیم کے تئیں بہت سنجیدہ ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ میں پروفیسر بنوں ، اور انشاء اللہ میں ان کی یہ خواہش ضرور پوری کروں گا ۔ محمد رفیع نے بتایا کہ وہ روزانہ صبح اپنے کھیت میں کام کرتے ہیں

اور پھر اس کے بعد اپنے والد کے دھابے پر آکر گرما گرم روٹی بناکر فروخت کرتے ہیں اور ساتھ ہی ناریل پانی بھی فروخت کرتے ہیں ۔ اس قدر مصروفیات سے وقت نکالتے ہوئے انہوں نے گورنمنٹ اسکول اور کالجس سے استفادہ کرتے ہوئے اب تک ایس ایس سی ، انٹر ، ڈگری ، بی ایڈ ، ایم اے وغیرہ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اب وہ ایم فل کا مقالہ تحریر کررہے ہیں ۔ جس کے بعد بہت جلد وہ پی ایچ ڈی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ قارئین کرام محمد رفیع کی ایک خاص بات یہ ہے کہ وہ نہایت ہی خوش اخلاق ہیں جن کی باتوں اور ان کے سلوک سے گاہک متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا ۔ تاہم جب ہم نے ان کی تعلیمی قابلیت کے بارے میں جانا تو ہم حیرت میں پڑ گئے ۔ اسی وقت ہمیں یہ احساس ہوا کہ اگر دل میں تعلیم حاصل کرنے کا سچا جذبہ اور لگن ہو تو اسے کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ محمد رفیع کے خیال میں تعلیم ہی آدمی کو انسان بناتی ہے اور علم ایک ایسی نعمت ہے جسے پاکر انسان ترقی کی راہ پر گامزن ہوجاتا ہے ۔۔