نارتھن پاورڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ نے زرعی پمپ سیٹس سے آٹواسٹارٹرس کو نکالنے کی مہم میں تیزی پیدا کردی

حیدرآباد 24دسمبر(یو این آئی)تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں نارتھن پاورڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ نے زرعی پمپ سیٹس سے آٹواسٹارٹرس کو نکالنے کی مہم میں تیزی پیدا کردی ہے کیونکہ کمپنی یکم جنوری سے تمام کسانوں کو زرعی مقاصد کے لئے 24گھنٹے بجلی کی سپلائی کرنے تیار ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق کمپنی کے افسروں نے دو ماہ پہلے ہی اس خصوصی مہم کی شروعات کی تھی تاہم ابتدائی دنوں میں افسروں کو کسانوں سے اس کی شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ کسانوں کو 24گھنٹے بجلی کی فراہمی کے وعدہ پر یقین نہیں آرہاتھا۔افسروں نے 20دسمبر تک 62ہزار سے زائد آٹو اسٹارٹرس نکالے ہیں تاہم اس خصوصی مہم کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ کسانوں میں اس تعلق سے مزید بیداری پیداکرنے کی ضرورت ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق کسان،زرعی موٹر پمپ سیٹس کے لئے آٹو اسٹارٹرس استعمال کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں زیر زمین پانی کی سطح میں کمی آرہی ہے ۔مسلسل چلنے کے سبب موٹرس بھی ناکارہ ہورہی ہیں ۔اس سے فصل بھی خراب ہورہی ہے اور پانی کے مسلسل بہاو کے سبب زمین کی زرخیزی میں بھی کمی آرہی ہے ۔اس سلسلہ میں کسانوں میں بیداری بھی پیدا کی جارہی ہے ۔