حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست : ( ایجنسیز ) : سی ایس آئی آر ۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل ٹکنالوجی
( IICT ) کی جانب سے ، جو کہ سی ایس آئی آر ، حکومت ہند کا ایک ذیلی ادارہ اور کیمیکل سائنس کے ایریا میں ایک سرکردہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ہے ۔ ایک سائنس پارک قائم کرتے ہوئے سائنس کو فروغ دینے کا منصوبہ ہے ۔ CSIR-IICT کی جانب سے اب تک 150 سے زائد ٹکنالوجیز کو فروغ دیا گیا ہے جو اب کمرشیل پروڈکشن میں ہیں ۔ طلبہ میں سائنس کو فروغ دینے کے لیے سی ایس آئی آر ۔ آئی آئی سی ٹی نے اس کے نارائن گوڑہ کیمپس میں ایک سائنس پارک قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ یہ سائنس پارک پورے ہندوستان ( 37 لیبارٹیریز ) سے سی ایس آئی آر کی اہم ٹکنالوجیز کو پیش کرے گا ۔ جنہیں طلبہ ، وزیٹرس اور عوام الناس کے لیے کھلا رکھا جائے گا تاکہ سائنس کا فروغ ہو اور اسے مقبول بنایا جائے ۔ سوچھ بھارت ابھیان کے تحت CSIR-IICT نے فلورائیڈ سے متاثرہ علاقوں میں صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے اور اسکولی بچوں میں حفظان صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنے اور سرکاری اسکولوں میں سینٹیشن کی اچھی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایک مشن ، ایک اہم کام شروع کیا ہے ۔۔