کانگریس رکن اسمبلی کشٹا ریڈی کے انتقال پر نشست مخلوعہ ، چیف منسٹر کے فیصلہ سے کانگریس میں مایوسی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخابات میں مقابلہ کرنے پر غور کر رہی ہے ۔ ضلع میدک سے تعلق رکھنے والے اس حلقہ کی نمائندگی آنجہانی پی کشٹا ریڈی کر رہے تھے جن کا حالیہ عرصہ میں اچانک انتقال ہوگیا ۔ ضلع میدک میں ٹی آر ایس کے بڑھتے ہوئے اثر کو دیکھتے ہوئے پارٹی نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخابات میں امیدوار کھڑا کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ ضلع میں پارٹی کو مزید مضبوط کیا جائے۔ کانگریس کے پی کشٹا ریڈی اپنی مقبولیت اور عوامی خدمات کے ریکارڈ کے سبب 4 مرتبہ اس حلقہ سے کامیاب ہوئے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد کانگریس نے حکومت سے اپیل کی کہ سابق روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کشٹا ریڈی کے خاندان کے کسی فرد کو ٹکٹ دینے کی صورت میں متفقہ انتخاب کو یقینی بنایا جائے۔ کانگریس پارٹی اس حلقہ سے کشٹا ریڈی کے بڑے فرزند کو امیدوار بنانے پر غور کر رہی ہے جو ضلع کی سیاست میں سرگرم ہیں۔ ٹی آر ایس کی جانب سے کانگریس کی اس اپیل پر کسی بھی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔ کانگریس کو امید تھی کہ اسمبلی میں آج کشٹا ریڈی کی تعزیتی قرارداد کی منظوری کے موقع پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اس سلسلہ میں کوئی اعلان کریں گے لیکن چیف منسٹر نے کانگریس پارٹی کو مایوس کردیا۔ قرارداد کی پیشکشی کے بعد کانگریس کے ارکان بشمول قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ نارائن کھیڑ کے ضمنی چناؤ میں کشٹا ریڈی کے فرزند کے متفقہ انتخاب کو یقینی بنانے میں تعاون کریں۔ کانگریس کی اپیل پر چیف منسٹر نے کسی بھی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ برخلاف اس کے ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر ہریش راؤ اور ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی نے کشٹا ریڈی کی عوامی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد اس پسماندہ علاقہ کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات کا تذکرہ کیا۔ اس طرح ٹی آر ایس نارائن کھیڑ میں اپنا امیدوار میدان میں اتارکر ضلع میں پارٹی کو مزید مستحکم کرنے کی تیاری میں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس قائدین الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی چناؤ کے اعلامیہ کی اجرائی کے بعد اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے شخصی طور پر نمائندگی کریں گے۔