وزیر اعظم نریندر مودی سے چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کی ملاقات

تلنگانہ کیلئے 30,571 کروڑ کا خصوصی پیاکیج دینے کا مطالبہ، مرکز اپنے وعدوں کو پورا کرے
حیدرآباد /12 فروری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور آنے والے مرکزی بجٹ برائے 2016-17 میں ریاست تلنگانہ کیلئے خصوصی فنڈس منظور کرنے کا مطالبہ کیا ۔ چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ نے دن کے ایک بجے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ انہوں نے نئے ریاست تلنگانہ میں زیر التواء پراجکٹس کی تکمیل کیلئے 30,571 کروڑ روپئے کا خصوصی گرانڈ منظور کرنے پر زور دیا ۔ 40 منٹ کی ملاقات کے دوران چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر اعظم مودی نے مختلف موضوعات اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ آندھراپردیش ری آرگنائزیشن قانون میں کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کریں ۔ انہوں نے 12 عنوانات پر مشتمل ایک یادداشت بھی پیش کی اور مودی سے خواہش کی کہ وہ مرکز سے مالی امداد کے حصول میں ان کی مدد کریں ۔ چیف منسٹر نے پراہنیت چیوڑلہ اور کالیشورم پراجکٹ کیلئے قومی پراجکٹ کا موقف عطا کرنے کی خواہش کی ۔ حیدرآباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انوسٹمنٹ ریجن کے تعلق سے کام رکے ہوئے ہیں ۔ اس کیلئے مزید فنڈس کی ضرورت ہے ۔ ہائی کورٹ کی تقسیم کا عمل بھی عاجلانہ طور پرپورا کرنے کیلئے زور دیا ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ ریاست تلنگانہ کیلئے آئی پی ایس  عہدیداروں کی 30 زائد جائیدادوں کو منظور کریں ۔ کے سی آر نے کہا کہ مرکز کو چاہئے کہ وہ ایف آر ایم بی کے تحت قرض کی حد کو 0.5 تک بڑھانا چاہئے ۔ انہوں نے ٹرائبل یونیورسٹی کو مرکزی یونیورسٹی کا موقف دینے کا مطالبہ کیا ۔ ریاست تلنگانہ میں پینے کے پانی کے پراجکٹ مشن بھاگیرتا سے متعلق وزیر اعظم کو واقف کروایا اور اس کیلئے 10 ہزار کروڑ کی مالی امداد کی خواہش کی ۔ چیف منسٹر نے ورنگل میں کالوجی ہیلت یونیورسٹی کی سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کیلئے وزیر اعظم مودی کو مدعو کیا ۔ بعد ازاں چیف منسٹر نے مرکزی وزیر برقی پی گوئیل سے ملاقات کی اور تلنگانہ ریاست میں برقی پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے ان سے تعاون کی خواہش کی ۔