نارائن پیٹ۔/10 اپریل ، ( سیاست نیوز) نارائن پیٹ ضلع کے مریکل منڈل میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ جہاں مٹی کاتودہ گرنے سے 10مزدور خواتین زندہ دفن ہوگئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریاستی وزیر مسٹر سرینواس گوڑ، ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر ایس وینکٹ راؤ ، ایس پی نارائن پیٹ شریمتی ایم چیتنا ، ضلع کلکٹر محبوب نگر مسٹر رونالڈ روز، ایس پی محبوب نگر ریما راجیشوری کے علاوہ رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی اور دیگر سیاسی قائدین نے جائے حادثہ پہنچ کر امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے بموجب نارائن پیٹ ضلع کے مریکل منڈل کے موضع تیلر کے مضافات میں قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم کے تحت کھدائی کا کام جاری تھا، دھوپ میں کچھ دیر سستانے کیلئے تقریباً بیس خواتین مٹی کے تودے کے نیچے آرام کررہے تھے کہ یہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں ہلاک 10 خواتین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری دواخانہ نارائن پیٹ منتقل کیا گیا جبکہ اس حادثہ میں زخمی مزدور خواتین کو سرکاری دواخانہ محبوب نگر منتقل کیا گیا ہے۔ اس اندوہناک حادثہ پر چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنے شدید صدمہ کا اظہار کیا ہے۔ جائے حادثہ پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین جو انتخابات سے قبل تشہیری مہم کے اختتام کے بعد دیگر کاموں میں مصروف تھے، پہنچ کر ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور اپنے شدید غم کا اظہار کیا ۔دریں اثناء نارائن پیٹ ضلع کے مریکل منڈل میں مٹی کے تودہ گرنے سے زندہ دفن ہوکر ہلاک ہونے والی متوفی خواتین کے ورثاء کو 20 لاکھ ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سی پی آئی ایم اور سی پی ایم کے کارکنوں نے گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل نارائن پیٹ میں دھرنا منظم کیااور ایمبولنس جس میں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد لے جایا جارہاتھا سامنے بیٹھ گئے ، پولیس کی مداخلت اور ایس پی نارائن پیٹ ڈاکٹر چیتنا کے افہام و تفہیم کے بعد ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر ایس وینکٹ راؤ کے آنے اور انتخابات کے بعد 5 لاکھ فی کس مہلوکین کے ورثاء کو ایکس گریشیا دلوانے کے تیقن کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔ ضلع کلکٹر نے بعد ازاں صحافیوں کو بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب کسی قسم کے ایکس گریشیا کی اجرائی عمل میں لائی نہیں جاسکتی۔ البتہ انتخابات کے بعد متوفیوں کے لواحقین کی امدادکی جائے گی۔ آج شام 10 متوفی خواتین کی نعشوں کو بعد پوسٹ مارٹم ایمبولنس کے ذریعہ ان کے آبائی مقام کو روانہ کردیا گیا۔ اطلاع ملنے پر حلقہ پارلیمان محبوب نگر کی کانگریس امیدوار ڈی کے ارونا، سابق رکن پارلیمان محبوب نگر مسٹر جتیندر ریڈی نے بھی نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل پہنچ کر متوفی خواتین کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ورثاء کو 20 لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کیا جائے-