نادر دوربین کی فروخت کی کوشش ، چھ افراد گرفتار

حیدرآباد ۔ 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) نادر دوربینوں کو فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے 6 افراد کو کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے مانصاحب ٹینک کے علاقہ میں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ 71 سالہ محمد حفیظ الدین جن کا ایکسپورٹ اور ایمپورٹ کا کاروبار ہے، ساکن مانصاحب ٹینک اور 30 سالہ سید اعظم اور 40 سالہ محمد کلیم الدین ساکن چندرائن گٹہ نادر دوربینوں کو فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ محمد حفیظ الدین نے اپنے کاروبار کے ذریعہ کئی نادر دوربین حاصل کئے تھے اور معاشی تنگی کے نتیجہ میں انہیں ایک کروڑ روپئے میں فروخت کرنے کی کوشش کی۔ اس سلسلہ میں حفیظ الدین نے چندرائن گٹہ کے محمد کلیم الدین اور نظام آباد کے سید اعظم سے رابطہ قائم کیا اور انہوں نے خواہشمند گاہکوں کو تلاش کرنے کیلئے کہا جس کے عوض انہیں معقول کمیشن کا بھی وعدہ کیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ٹیم نے مذکورہ تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے نادر دوربین اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے ان کے خلاف مزید کارروائی کیلئے انہیں پولیس اسٹیشن سیف آباد کے حوالہ کردیا۔