ناخواندگی کا شکار نوجوانوں کو دسویں کامیاب بنانے مرکز کا منصوبہ

بغیر اسکولی تعلیم کے امتحان تحریر کرنے کی سہولت ۔ پانچ مضامین میں کامیابی کی شرط
حیدرآباد۔ 23 جون (سیاست نیوز) ترکِ تعلیم اور ناخواندگی کا شکار نوجوانوں کو دسویں جماعت میں کامیاب کروانے اور اس کے مماثل تعلیم کے مستحق بنانے کیلئے مرکزی حکومت کی وزارتِ فروغ انسانی وسائل کی جانب سے ایک وسیع تر منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبہ کے مطابق کسی بھی وجہ سے ترک تعلیم کرنے والے نوجوان اب اپنے پسندیدہ مضامین کے ساتھ بغیر اسکولی تعلیم کے امتحان تحریر کرتے ہوئے ایس ایس سی کے مماثل سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ مرکزی وزارتِ فروغ انسانی وسائل کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق وزارت نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ کی معاونت سے میسیو اوپن آن لائن کورسیس (ایم او او سی) کے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت طلبہ اپنی سہولت کے مطابق وقت اور مقام کی قید کے بغیر آن لائن امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دسویں جماعت کے مماثل قرار دیئے جائیں گے۔ ایم او او سی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ کی جانب سے تعلیمی مواد کے علاوہ نوجوانوں کو تیاری کے لئے آن لائن تمثیلی امتحانی پرچہ جات رکھے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو تیاری کا موقع مل سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم او او سی میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو پانچ مضامین اختیار کرنے کا حق حاصل ہوگا اور وہ کمیونٹی سرویس سنٹر کے ذریعہ تقریباً ایک لاکھ مواضعات میں منعقد ہونے والے امتحانات میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ کامیاب رجسٹریشن پر طلبہ کو رول نمبر کے علاوہ امتحانی شناختی کارڈ و ہال ٹکٹ فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعہ وہ اپنے امتحان کی تاریخ کا تعین کرپائیں گے۔ تمام پانچ مضامین میں کامیابی حاصل کرنے پر ہی انہیں دسویں جماعت کامیاب ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ایک ہی وقت میں تمام پانچ مضامین میں کامیابی حاصل کرنے سے قاصر طلبہ کو متعدد مرتبہ کوشش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ امیدوار ہر سال ایک مضمون میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پانچ سال میں بھی اس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ دسویں جماعت میں تعلیم حاصل کرنے سے قاصر یا ترک تعلیم کے شکار نوجوانوں کو اس منصوبہ سے کافی فائدہ حاصل ہوگا اور دسویں جماعت میں کامیابی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرتے ہوئے نوجوان اپنا سلسلہ تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔ مرکزی حکومت کے اس منصوبہ کے متعلق ریجنل ڈائریکٹر این آئی او ایس حیدرآباد مسٹر انیل کمار نے بتایا کہ ان امتحانات میں کوئی بھی بلاقید جنس، عمر، وقت شرکت کرسکتا ہے۔