پرتاپ گڑھ ،2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے ساٹھ کلو میٹر دور دو الگ الگ تھانہ علاقے میں ضلع آبکاری افسر اور پولیس فورس کی مشترکہ کارروائی کے دوران گزشتہ ہفتہ و اتوار کی شب دو مرغی فارموں پر چھاپہ مار کر ناجائز طور سے چلائی جا رہی شراب فیکٹری سے تقریبا پچاس لاکھ روپے کی مالیت کی شراب اور شراب بنانے میں استعمال ہونے والے کیمکل و مشین وغیرہ برآمد کرکے تین افراد کو گرفتار کیا ۔ضلع آبکاری افسر بچّہ لال نے بتایا کہ گزشتہ شب تھانہ اودے پور علاقے کے کلوا گھاٹ واقع مرغی فارم پر چھاپہ مار کر ناجائز طور سے چلائی جارہی شراب فیکٹری سے دو ہزار شراب کی بوتلیں، 9 ڈرم کیمکل اور مختلف برانڈ کے ریپر پیکنگ مشین وغیرہ برآمد کرکے دو ملزمان گڈّو سنگھ و مجیب احمد کو گرفتار کیا گیا جبکہ اسی دوران تھانہ سانگی پور علاقے کے بیرشاہ پور کے مرغی فارم سے 6 ہزار 750 شراب کی بوتلیں، کیمیکل و مختلف برانڈ کے ریپر و پیکنگ مشین وغیرہ برآمد کرکے ایک ملزم نظام کو گرفتار کیا گیا ۔ برآمد شدہ شراب و آلات کی قیمت تقریبا پچاس لاکھ روپیہ ہے ۔ متعلقہ دونوں تھانہ میں کیس درج کرکے تینوں ملزمان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔