اے ایس پی سنیتا کو شوہر سے طلاق مطلوب، عاشق ملکارجن کا دعویٰ
حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) ناجائز تعلقات کا بھانڈہ پھوٹنے کے بعد رسوائی کا شکار پولیس کے مبینہ عاشق جوڑے کو آج ایک اور دھکہ لگا۔ سماج اور ڈپارٹمنٹ میں رسوائی کے بعد آج انھیں خدمات سے معطل کردیا گیا ہے۔ تاہم انسپکٹر نے اپنی سوشل نیٹ ورکنگ آئی ڈی سے یہ پیغام عام کردیا کہ وہ اور سنیتا ریڈی بہت جلد شادی کرنے والے ہیں۔ جیسے ہی یہ اطلاع عام ہوئی اے ایس پی سنیتا ریڈی کے شوہر نے ڈی جی پی آفس کا رُخ کیا اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی فریاد سنائی۔ کل کی طرح آج بھی پولیس میں ناجائز تعلقات کا یہ مسئلہ موضوع بحث بنا رہا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اس واقع پر کافی برہم ہیں۔ کل مادھاپور حدود میں انسپکٹر کلواکرتی ملکارجن ریڈی پر فوجداری مقدمہ درج کرلیا گیا تھا اور آج سنیتا ریڈی اور ملکارجن ریڈی دونوں کو معطل کردیا گیا ہے۔ انسپکٹر کا سوشیل میڈیا پیغام جو وائرل ہوچکا ہے، اس میں اس نے بتایا کہ وہ اور اے ایس پی گزشتہ 5 سال سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور شادی کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ امریکہ میں مقیم سنیتا ریڈی کے شوہر سریندر ریڈی نے جو اپنے سسرالی رشتہ داروں بشمول ساس کے ہمراہ ناجائز تعلقات کا بھانڈہ پھوڑا ہے، بتایا کہ وہ سابق میں دونوں کو پابند کرچکے تھے۔ انھیں تین سال قبل ہی اپنی بیوی کی حرکتوں پر شک ہوگیا تھا اور انھوں نے فیملی میں انھیں نادم کیا تھا اور ملکارجن ریڈی کو اچھی طرح سمجھایا جاچکا تھا۔ملکارجن ریڈی کا کہنا ہے کہ سریندر ریڈی سے اس کی بیوی نے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور نوٹس بھی جاری کردی لیکن تعجب کی بات ہے کہ اس سارے معاملہ میں اے ایس پی میڈم نے تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔