محمد مکرم اور امتیاز کی ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات، کویت سے لائی ہوئی قرآن کو مکہ مسجد میں رکھنے کی خواہش
حیدرآباد۔/29جون، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے نابینا مسلمانوں کیلئے رمضان کے تحفہ کے طور پر لوئی بریل رسم الخط کے قرآن مجید تاریخی مکہ مسجد میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے محمد مکرم اور امتیاز نے لوئی بریل رسم الخط کی قرآن مجید کو کویت سے حیدرآباد لایا ہے اور اسے آج انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو پیش کیا تاکہ اس قرآن مجید کو شہر کی کسی مرکزی مسجد میں رکھا جائے۔ جناب محمود علی نے نابیناؤں کیلئے قرآن مجید کی تلاوت کا موقع فراہم کرنے اس قرآن مجید کو تاریخی مکہ مسجد میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی آر ایس حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے انچارج محمد اعظم علی خرم جو ڈپٹی چیف منسٹر کے فرزند ہیں کل پیر بعد نماز ظہر اس قرآن مجید کو امام مکہ مسجد کے حوالے کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ اسی رسم الخط کی ایک اور قرآن مجید حاصل کرتے ہوئے تاریخی مسجد باغ عامہ کو بطور تحفہ پیش کریں گے تاکہ نابینا افراد رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں قرآن مجید کی تلاوت کی سعادت حاصل کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں رمضان المبارک کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسی مساجد کو فنڈز جاری کریں جو رمضان کے انتظامات اپنے طور پر کرنے سے قاصر ہیں۔ مساجد کی آہک پاشی اور تعمیرِ نو کے سلسلہ میں بھی کلکٹرس کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ رمضان المبارک کے دوران ہی وقتاً فوقتاً عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کرتے رہیں گے اور ضرورت پڑنے پر مساجد کا دورہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے آخری دہے میں وہ شہر کی عیدگاہوں کے انتظامات کا بھی جائزہ لیں گے۔