حضور نظام نواب میر عثمان علی خاں آصف سابع کی یوم پیدائش تقریب ،عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( راست ) : مایناریٹی ایمپلائز آرگنائزیشن فار دی بلائنڈ کی جانب سے 6 اپریل کو حضور نظام نواب میر عثمان علی خاں آصف جاہ سابع کی یوم پیدائش تقریب اردو مسکن خلوت میں منائی گئی ۔ صدارت جناب عزیز پاشاہ سابق رکن راجیہ سبھا نے کی ۔ اور نابیناؤں کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے حکومت سے نمائندگی کرنے کا تیقن دلایا ۔ خاندان آصفیہ کے چشم و چراغ اور حضور نظام آصف جاہ سابع کے پوتے نواب نجف علی خاں نے اس موقع پر کیک کاٹ کر نابیناؤں کی ستائش کی ۔ جناب غلام آصف صمدانی نے مہمان خصوصی شرکت کی اور نابیناؤں میں واکنگ اسٹک تقسیم کی ۔ نابیناؤں کے خصوصی مدرسہ واقع دارالشفاء کی حالت کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ مہمانوں میں اسمعیل الرب انصاری ، عثمان بن محمد الہاجری ، ایم اے عزیز ، محمد قمر الدین ، اظہر مخصوصی ، مرزا سلیم بیگ ، محمد حسام الدین شامل تھے۔ محمد عبدالمقتدر صدر تنظیم نے رپورٹ پیش کی ۔ بہتر معیار تعلیم کے لیے بے روزگار نابیناؤں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ عزیز رضوان نے جلسہ کی نظامت کی اور حاضرین کو خوب محظوظ کیا ۔۔