نئی دہلی 30 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے نامزد چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں 8 جون کو منعقد ہونے والی اپنی تقریب حلف برداری میںشرکت کی دعوت دی ہے ۔ نائیڈو نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کرتے ہوئے تقریب حلف برداری کیلئے مدعو کیا ہے ۔ وہ 8 جون کو حلف لیں گے ۔ ان کی حلف برداری گنٹور اور وجئے واڑہ کے مابین کسی مقام پر ہوگی ۔ تقریب حلف برداری شام 7.20 بجے ہوگی ۔ نائیڈو نے آج دن میں کئی مرکزی وزراس ے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ نائیڈو نے کہا کہ وہ تمام غیر کانگریسی چیف منسٹرس کو اپنی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کرینگے ۔ اس سوال پر کہ وہ آیا اپنی حلف برداری تقریب میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بھی مدعو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کوئی راست جواب دینے سے گریز کیا ۔