نائیڈو کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں: سرینواس یادو

حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) وزیر کمرشیل ٹیکس ریاست تلنگانہ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے حکومت آندھراپردیش کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ سیکشن 8 کے نام پر مسٹر چندرابابو نائیڈو کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں سے کوئی خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں بلکہ سیکشن 8 پر عمل آوری کی صورت میں اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سرینواس یادو نے کہاکہ حیدرآباد میں سیکشن 8 کا نفاذ عمل میں لانے جیسی صورتحال ہی نہیں ہے اور نہ ہی ایسی کوئی صورتحال پیدا ہوگی۔ وزیر موصوف نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو کو حدف ملامت بناتے ہوئے کہاکہ وہ ہمیشہ سامنے والوں کو خوف زدہ کرنے کیلئے کوشاں رہنے کے عادی ہیں اور سامنے والے طاقتور ثابت ہوں تو ان سے سمجھوتہ کیلئے اپنی کوششوں کا آغاز کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مسٹر نائیڈو کے اختیار کئے جانے والے سیاسی ہتھکنڈوں سے تلنگانہ حکومت ہرگز ڈرنے اور گھبرانے والی نہیں ہے بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔