حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( این ایس ایس ) : تشکیل تلنگانہ کے لیے تقسیم کے بعد موجود باقی ریاست آندھرا پردیش کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے 8 جون کو این چندرا بابو نائیڈو کی حلف برداری تقریب میں ان کے تین سیاسی حریفوں نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اگرچہ مسٹر نائیڈو نے ان تینوں کو شخصی طور پر موعو کیا تھا ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر اور ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے دورہ دہلی کو چند گھنٹے طوالت دیتے ہوئے شرکت کے امکانات کو ٹال دیا ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے جس کو 70 ارکان کے ساتھ آندھرا پردیش اسمبلی میں تلگو دیشم کے بعد دوسری بڑی جماعت کا موقف حاصل ہے کہا ہے کہ اس کے صدر جگن موہن ریڈی ، نائیڈو کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے کیوں کہ عوامی رقومات کو ضائع کرتے ہوئے شایان شان تقریب منعقد کی جارہی ہے ۔ آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این رگھوویرا ریڈی نے بھی حلف برداری تقریب میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔۔