حیدرآباد 27 فبروری ( این ایس ایس ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ سیاسی قائدین کیلئے اپنی وفاداریاں تبدیل کرنا مناسب نہیں ہے سی پی ایم پولیٹ بیورو کے رکن بی وی راگھولو نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے قائدین کو واضح کرنا چاہئے کہ انہیں برسر اقتدار جماعت میں شامل ہونے سے کیا مل رہا ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ برسر اقتدار جماعت یہ کوشش کر رہی ہے کہ آندھرا پردیش میں کوئی اپوزیشن باقی نہ رہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو مشورہ دیا کہ ان کیلئے اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو خریدنا مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چندرا بابو نائیڈو یہ واضح کریں کہ نوٹ برائے ووٹ اور کال منی کیس کیوں بند کردیا گیا جبکہ تلگودیشم قائدین اس میں واضح پھنسے تھے ۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں خشک سالی صورتحال پر بھی حکومت سے جواب طلب کیا ۔