حیدرآباد۔/16جون، ( سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ اسکام میں تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو نوٹس کی اطلاعات کے بعد تلگودیشم کے دفتر این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں بے چینی پیدا ہوگئی۔ اچانک قائدین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا اور پارٹی کارکن بھی بڑی تعداد میں جمع ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض گوشوں نے میڈیا کو اطلاع دی کہ اے سی بی چندرا بابو نائیڈو کو نوٹس جاری کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ اطلاع کے عام ہوتے ہی تلگودیشم قائدین اور کارکن متحرک ہوگئے اور دفتر میں جمع ہوگئے۔ تلگودیشم قائدین کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو اس طرح کی کوئی کارروائی نہیں کرسکتی کیونکہ آڈیو و ویڈیو ٹیپ کے بارے میں فارنسک لیب کی رپورٹ ہنوز نہیں ملی ہے رپورٹ کے بغیرنائیڈو کو نوٹس جاری نہیں کی جاسکتی۔ اسی دوران پارٹی نے کئی قانونی ماہرین سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ ان سرگرمیوں کے دوران چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش کے پولیس عہدیداروں سے مشاورت کی۔ اس اجلاس میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے فون ٹیاپنگ اور وجئے واڑہ میں کے سی آر کے خلاف درج مقدمہ کا جائزہ لیا گیا۔