2029 تک جنگلاتی علاقہ کو 50 فیصد تک پہونچانے کا نشانہ
وجئے واڑہ 29 جولائی ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش میں مشن ہریتا آندھرا پردیش کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کرشنا ضلع کے نزویڈ منڈل میں شجر کاری میں حصہ لیتے ہوئے اس مشن کا آغاز انجام دیا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہریتا آندھرا پردیش در اصل آنجہانی چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا پراجیکٹ تھا جسے اب چندرا بابو نائیڈو نے ایک مشن کے طور پر شروع کیا ہے اور اس کیلئے نیا نعرہ ’’ ونم ۔ منم ‘‘ دیا گیا ہے ۔ اس مشن کا مقصد آندھرا پردیش ریاست میں سرسبز و شاداب علاقہ کو وسعت دیتے ہوئے 2029 تک 50 فیصد تک پہونچانا ہے ۔ آندھرا پردیش میں اب جملہ 23 فیصد علاقہ سرسبز و شاداب ( جنگلاتی علاقہ ) ہے ۔ چیف منسٹر نے سماج کے تمام گوشوں سے اپیل کی تھی کہ آج ایک دن میں ایک کروڑ پودے لگائے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ریاست میں سر سبز علاقہ کو دوگنا کردیا جائے اور ہر سال چار لاکھ ایکر اراضیات پر شجر کاری کی جائے ۔ یہ کام آئندہ دس سال تک چلنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 25 تا 30 کروڑ پودوں کی شجرکاری کی جانی چاہئے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا تھا کہ ہر انسان کو جو سانس لیتا ہے ایک درخت اگانا چاہئے بصورت دیگر اسے انسان نہیں کہا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ جو پودے لگائے جائیں گے ان کی حفاظت کا کام بھی کیا جائیگا ۔