نائیڈو ، تلنگانہ ۔ مہاراشٹرا معاہدہ پر بیان دیں : رگھوویرا ریڈی

وجئے واڑہ ۔ 26 ۔ اگست : ( آئی این این ) : صدر اے پی سی سی این رگھوویرا ریڈی نے چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو سے اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاست تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے درمیان تکمیل پائے آبپاشی معاہدہ پر بیان دیں ۔ یہاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ یہ بات حیرت انگیز ہے کہ چیف منسٹر اے پی نے تاحال اس مسئلہ پر کوئی بات نہیں کی ہے ۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر آخر کیوں اس موضوع پر بیان نہیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہیں تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے درمیان معاہدہ ریاست اے پی کے لیے کوئی خطرہ تو نہیں ؟ انہوں نے سوال کیا تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے درمیان طئے پایا معاہدہ اے پی کے لیے فائدہ مند ہوگا یا نہیں ؟ انہوں نے چیف منسٹر سے اس پر وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ریاستیں اس معاہدہ پر مرکز کی مرضی پر منحصر ہیں ۔ صدر اے پی سی سی نے کہا کہ چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو اس بات سے خوف زدہ ہیں کہ اگر وہ ( چندرا بابو نائیڈو ) مہاراشٹرا تلنگانہ آبپاشی معاہدہ پر زبان کھولیں گے تب حکومت تلنگانہ کی جانب سے ان ( چندرا بابو نائیڈو ) کے خلاف رقم برائے ووٹ اسکام میں کارروائی کی جائے گی ۔۔