کانو ۔ 28 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی نائیجیریا کے شہر باؤچی کے ایک ایسے علاقے میں جہاں جسم فروشی کا کاروبار زوروشور سے چلایا جاتا ہے ، ایک دھماکہ میں 10 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ۔ کل ہوئے دھماکے کی وجوہات کا فوری پتہ نہیں چل سکا لیکن بوکو حرام اسلام پسندوں نے گزشتہ کچھ عرصہ سے اس علاقہ پر مسلسل حملے کئے ہیں جو شمالی علاقوں کو اسلامی ریاست بنانے کوشاں ہیں۔ باؤچی کے اسٹیٹ پولیس ترجمان محمد ہارون نے کہاکہ شہر کے نواحی علاقے میں جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا وہاں جسم فروشی کی جاتی ہے ۔ اب تک 10 افراد کی ہلاکت کی توثیق ہوچکی ہے جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کچھ معمولی طورپر کچھ شدید طورپر زخمی ہیں۔ ہارون نے بتایا کہ دھماکہ کے اطراف و اکناف علاقہ کی ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔ بوکو حرام کے کارکن شراب خانوں ، قحبہ گری کے اڈوں ، گرجا گھروں اور ایسے اسکولوں کو نشانہ بناتے ہیں جہاں مغربی نصاب تعلیم رائج ہے ۔