کانو۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ بوکوحرم کے جنگجوؤں نے آج شمال مشرقی نائیجیریا کے شہر مائیڈوگوری پر حملہ کردیا جس کی وجہ سے فوج کے ساتھ اس کی کئی گھنٹے لڑائی ہوئی۔ 4 شہریوں نے ٹیلی فون پر اطلاع دی کہ بوکوحرم کا حملہ مقامی وقت کے مطابق 3 بجے شب ہوا اور شہر کے جنوبی علاقہ میں فوج اور شورش پسندوں کے درمیان بھیانک جنگ ہورہی ہے۔ پورا شہر خوف و دہشت کا شکار ہوگیا ہے۔ مقامی شہری آدم کرینووا نے کہا کہ عوام آئندہ واقعات سے خوفزدہ ہیں۔ اگر بوکوحرم کے ہاتھوں فوج کو شکست ہوجائے تو کیا ہوگا؟ بوکوحرم نے گزشتہ مرتبہ سات دن قبل مائیڈوگوری پر حملہ کیا تھا، لیکن فوج نے اسے پسپا کردیا، مگر 25 جنوری کے اس حملہ میں بوکوحرم نے قصبہ مونگونو کے فوجی اڈے پر قبضہ کرلیا۔ بیشتر ماہرین نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ شورش پسند امکان ہے کہ مائیڈوگوری پر حملہ کرنے کی ایک اور کوشش کریں گے۔ 14 فروری کو نائیجیریا کے عام انتخابات مقرر ہیں اور شورش پسند چاہتے ہیں کہ عوام انتخابات کا بائیکاٹ کریں۔ لوگ شہر سے فرار ہونا شروع ہوگئے ہیں۔