نائیجیریا کی بحریہ نے 260 غیر قانونی تیل صاف کرنے کے کارخانے تباہ کردیئے

واری۔ 16؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ نائیجیریا کی بحریہ کے بموجب اس نے 260 غیر قانونی تیل صاف کرنے کے کارخانے تباہ کردیئے اور ایک لاکھ ٹن غیر قانونی اِیندھن نذرآتش کردیا تاکہ تیل کی چوری کا انسداد کیا جاسکے جس کی وجہ سے افریقہ کے سب سے بڑے تیل پیدا کرنے والے ملک کی معیشت متاثر ہورہی ہے۔ کمانڈنگ آفیسر کیپٹن موسیٰ جیمو نے کہا کہ ایم این ایس ڈیلٹا کے فوجیوں نے واری کے جنوب مغربی علاقہ سے جنوبی ڈیلٹا کے علاقہ تک جمعہ کی رات تیل صاف کرنے کے کارخانوں کو جو غیر قانونی تھے،

تباہ کردیا اور 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ اسی طرح کی مہمات ماضی میں ناکام ہوچکی ہیں۔ ایک تخمینہ کے بموجب روزانہ 2 لاکھ بیارل تیل جس کی مالیت 2 کروڑ امریکی ڈالر سے زیادہ ہوتی ہے، چوری کرلیا جاتا ہے۔ ناقدین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بیشتر تیل کا سرقہ سیاسی اور مجرمانہ عناصر کی سازش کا نتیجہ ہے جس کی وجہ سے یہ تیل بین الاقوامی بازاروں میں فروخت کیا جاتا ہے۔ مختصر مدتی مجرمانہ عناصر ایسے حملوں کا نشانہ بنانے کے بعد غیر قانونی خام تیل صاف کرنے کے کارخانوں کا دوبارہ احیاء کرلیتے ہیں۔ شیل نائیجیریا کے بموجب جو ملک کی سب سے بڑی تیل کمپنی ہے، 2013ء کے دوران ایک ارب امریکی ڈالر مالیتی تیل کا سرقہ کیا گیا ہے۔